ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آر ایس ایس اور بی جے پی کے لیے آئین کی کوئی اہمیت نہیں: راہل گاندھی

آر ایس ایس اور بی جے پی کے لیے آئین کی کوئی اہمیت نہیں: راہل گاندھی

Sun, 17 Nov 2024 10:43:05  SO Admin   S.O. News Service

امراوتی، 17/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے مہاراشٹر کے امراوتی میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی آئین کو بھارت کا ’ڈی این اے‘ مانتی ہے، جبکہ بی جے پی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے نزدیک آئین کی حیثیت ایک ’خالی کتاب‘ جیسی ہے۔ راہل گاندھی نے بی جے پی پر آئینی اصولوں کی پامالی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آئین میں کہیں یہ نہیں لکھا کہ منتخب حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کی جائے یا بڑے کاروباری شخصیات کے قرضے معاف کیے جائیں۔

راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ جلسوں میں بی جے پی کے رہنما کانگریس پر آئین کے خالی صفحات دکھانے کا الزام لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یادداشت کھونے کے مسئلے سے دوچار ہیں، کیونکہ وہ انتخابی جلسوں میں غلط بیانات دے رہے ہیں، جیسا کہ راہل گاندھی نے ذات پر مبنی مردم شماری اور 50 فیصد ریزرویشن کی حد ختم کرنے کی بات کی تھی، مگر مودی نے اسے الٹا پیش کیا۔

راہل گاندھی نے مزید کہا کہ مخالفین نے انہیں بدنام کرنے اور ان کی شبیہ خراب کرنے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے ہیں، لیکن وہ دلتوں، قبائلیوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے لیے کھڑے ہیں۔ انہوں نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کو کسانوں اور چھوٹے کاروباروں کے خاتمے کے ہتھیار قرار دیا اور کہا کہ بڑھتی بے روزگاری کی وجہ سے معاشرے میں نفرت کا ماحول پیدا ہو رہا ہے۔

راہل گاندھی نے وزیر اعظم کو یاد دلایا کہ انہیں ملک کی عوام نے منتخب کیا ہے، نہ کہ صنعت کاروں نے، اگرچہ ان کے اشتہارات کا خرچ صنعت کاروں نے اٹھایا ہے۔


Share: